(Last Updated On: نومبر 18, 2022)
فقط اک نام سب ناموںسے میرے دل کو پیارا ہے
کہ جس کے ذکر نے میرا جہانِ دل سنوارا ہے
دیا ،،م،، نے مہرو محبت کا اثر دل کو
سکھایا زندگی میں عشقِ صادق کا ہنر دل کو
ملی ہے ،،ح،، سے دل کو حق پر ستی ، حق شناسائی
حیا پرور ، حجاب انگیز جذبوں کی توانائی
متانت مِثلِ مشعل دل کو دوجے ،،م،، نے بخشی
یہ دولت بھی اسی کے نام کی تکریم نے بخشی
منور منزل مقصود ، راہِ فکر مستحکم!
سرافرازی ہمیں اس نام کی تعظیم نے بخشی
درخشاں دینِ حق سے ،،د،، نے دُنیائے دل کردی
دمادم دل کو ہر دھڑکن ندائے عشق پروری دی
ہزاروں بار صدقے جان ودل اس نام پر جس نے
مرے ہرسانس میں اپنی محبت کوٹ کر بھردی
صدا ہر سانس اُٹھتی ہے ،، محمد میرے سینے سے
ہر اک لمحہ تصور کا تعلق ہے مدینے سے
تصور نے بھرا یہ رنگ چاہت کے قرینے میں
کہ پاکستان میںرہ کر بھی رہتا ہوں مدینے میں