میرا خاص پیغام آپ سب کے نام!
اس رمضان المبارک میں میرا آپ سب کو یہ خاص پیغام ہے کہ زندگی کو بوجھ بننے سے روکیں۔ اپنے لہجے کو دھیما رکھیں، جہاں سے گزریں اپنے اخلاق کی خوشبو سے لوگوں کو متاثر کرتے جائیں۔ رشتے موتیوں کی طرح ہوتے ہیں انھیں احساس کی مالا میں پرو کر رکھیں۔ رشتوں کے تقدس کا خاص خیال رکھیں۔ اپنے آس پاس لوگوں کی مدد کریں۔ زبردستی کسی کی زندگی میں داخل ہونے سے گریز کریں، لوگوں کے پیچھے مت بھاگیں۔ جو لوگ آپ سے دور رہ کر خوش ہیں انھیں تکلیف مت دیں۔ اور جو رشتے پاس ہیں ان کی قدر کریں۔ محبتوں کو محبت سے ڈیل کریں۔ نفرت کو دل میں جگہ مت بنانے دیں۔ اپنے عزیزوں کی خوشی میں خوش رہیں۔ جھوٹ بولنے سے گریز کریں۔ چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو محسوس کریں۔ زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کو مثبت طریقے سے اپنائیں خود بھی خوش رہیں دوسروں کو بھی خوش رہنے دیں۔ پانچ حروف کی چار روزہ زندگی کو محبت، چاہت اور خوشی سے گزاریں۔ تو پھر آئیں ناں عہد کریں اور اس رمضان کو پہلے سے کچھ خاص بنائیں، کچھ خاص لہجوں سے، کچھ خاص باتوں سے، کچھ خاص رشتوں سے،کچھ خاص خوشیوں سے، کچھ خاص کاموں سے، اور کچھ خاص عزیزوں سے۔
اے چاند
تیری یہ دودھ سی چادنی دل کو بھاتی ہے۔تجھے دیکھنا تجھ سے باتیں کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔جب جب تجھ سے باتیں کرتی ہوں ایسا لگتا ہے میں کسی اپنے سے بات کر رہی ہوں کسی ایسے سے جو مجھے سنتا ہے سمجھتا ہے اور دیکھ کر مجھے دکھ میں اپنی روشنی کی کرنوں کے زریعے سمجھاتا ہے۔
کہتا ہے مجھے دیکھو میں بھی تو ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا مجھ پر یہ حسن صرف مہینے کی 15 کو ہی مکمل ہوتا ہے۔مجھ پر بھی ادھنے سے ادھورے سے دن آتے ہیں۔
مگر میں تو صبر کرتا ہوں کبھی بڑھتا جارہا ہوتا ہوں تو کبھی کم ہوتا ہوا خود کو دیکھتا ہوں۔