اِررئیل فکشن ( Irreal Fiction ) ۔ 9
انگریزی افسانچہ
کمرہ نمبر33 ( Room No. 33 )
سائمن کولنگز ( Simon Collings)
اردو قالب ؛ قیصر نذیر خاورؔ
مجھے پیرس گئے کئی سال بیت چکے تھے اور مجھے بالکل یاد نہ تھا کہ جس ہوٹل میں ، میں اپنی اگلی تین راتیں گزارنے والا تھا ، میں وہاں کبھی پہلے بھی ٹہرا تھا ۔ لیکن استقبالیہ پر موجود کلرک نے میری یوں آﺅ بھگت کی جیسے میں اس کا مستقل گاہک تھا ۔ لگتا تھا کہ وہ مجھے اچھی طرح جانتا ہو اور مجھے اپنی جگہ یقین تھا کہ میں اسے بالکل نہیں جانتا ۔ ' کہیں ایسا تو نہیں تھا کہ وہ مجھے کوئی اور سمجھ رہا ہو ؟ '
” میں نے آپ کو وہی کمرہ دیا ہے جس میں آپ عام طور پر ٹہرا کرتے ہیں ۔“ ، اس نے مجھے چابی ، جس پر نمبر 33 لکھا تھا ، تھماتے ہوئے کہا ، ” مجھے امید ہے کہ ہر شے آپ کو ویسی ہی ملے گی ، جیسی آپ چاہتے ہیں ۔ “
میں اس بات پر تذبذب میں پڑ گیا کہ اس کے کہنے کا مطلب یہ تھا ، جیسے میں کمرے تک کو جانتا تھا ، اسی عالم میں ، میں اس سے کمرے کا راستہ پوچھنا بھی بھول گیا اور مجھے اسے ڈھونڈنے میں کچھ وقت لگا ۔
میں نے کمرے کے دروازے کا تالا کھولا اور خود کو ایک ایسے کمرے میں پایا جو ہُو بہُو ، اُس سستے ہوٹل کے اس کمرے کی نقل تھا ، جہاں میں بیس سال سے بھی زائد عرصہ پہلے ٹھہرا تھا ۔ مجھے بہت تفصیل سے ، اُس کے گلاب کے پھولوں والے مدہم وال پیپر ، آہنی بستر کے زیبائشی فریم اور گاﺅ تکیے یاد آئے ۔ یہ وہ کمرہ تھا ، جہاں میں نے تین دن ایک عورت کے ساتھ گزارے تھے جس سے میرا معاشقہ اس وقت چل رہا تھا ۔ ۔ ۔ ایک ایسا معاشقہ جس نے میری ازدواجی زندگی کو تقریباً تباہ کرکے رکھ دیا تھا ۔ میں جب کھڑا ، اپنی زندگی کے اس مشکل زمانے کو یاد کر رہا تھا تو بستر کے ساتھ پڑی تپائی پر موجود فون کی گھنٹی بجنے لگی ۔ میں نے کالے رنگ کا بھاری چونگا اٹھایا ۔ اسقبالیے سے کلرک بول رہا تھا ؛
” میں یہ بات بتانا بھول گیا تھا کہ آپ کے آنے سے پہلے مادام کا فون آیا تھا ۔ “، اس نے کہا ، ” انہوں نے کہا تھا کہ میں آپ کو بتاﺅں کہ وہ گھنٹہ بھر میں یہاں پہنچ جائیں گی ۔ “
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سائمن کولنگز (Simon Collings) اوسنے ، آکسفورڈ ، برطانیہ میں رہتا ہے۔ تدریسی کتب لکھنے کے علاوہ موسیقی پر ریویوز اور کہانیاں بھی لکھتا ہے ۔ اس کی پہلی کہانی ’ موت ‘ 1982 ء میں شائع ہوئی تھی ۔ تدریسی کتب کے علاوہ اس کی فکشن کتاب ’ Out West‘ سن 2017 ء میں اور دوسری ’ Stella Unframed ‘ سن 2018 ء میں شائع ہوئیں ۔ ایک لمبا عرصہ ' آکسفیم ' ( Oxfam ) جیسی این جی اوز ( NGOs ) کے ساتھ کام کرنے کے بعد وہ اپریل 2018 ء میں ریٹائر ہو کر اب اپنا سارا وقت لکھنے میں صرف کر رہا ہے ۔
علامہ اقبال يا اکبر علی ايم اے اصل رہبر کون؟
کسی بھی قوم کا اصل رہبر کون ہوتا ہے خواب بیچنے والا شاعر يا حقیقت کو سامنے رکھ کر عملیت...