ایک حسین لڑکا ہو۔
مجھے دنیا کی حسین ترین لڑکی سمجھتا ہو۔
مجھ پر عاشق ہو جائے۔
میری خاطر دنیا کی ہر طاقت سے ٹکرا جائے۔
بے پناہ محبت کرتا ہو۔
سونے سے پہلے پیشانی کا بوسہ لے۔
صبح ماتھا چوم کر جگائے۔
اس کی اچھی جاب ہو۔
وہ شام کو گھر آئے میں اس کا بیگ پکڑوں اور وہ مسکراتے ہوئے مجھے دیکھے۔
میں لجاتے ہوئے اسے کہوں 'آپ فریش ہو جائیں میں آپ کے لیے چائے بناتی ہوں۔'
وہ لہکتا گنگناتا سامنے آئے اور بیٹھ کر میٹھی میٹھی محبت بھری باتیں کرے۔
ہر ہفتے سرپرائز دے۔
میں اسے اچھے اچھے کھانے بنا کر دوں۔
اس کے کپڑے دھو کر، استری کرکے الماری میں ترتیب سے لٹکایا کروں۔
جوتے سنبھال کر رکھو۔
زیادہ فضول خرچی نہ کرنے دوں۔ وہ جب کہے 'میری جان تمہارے لیے تو کماتا ہوں۔۔۔' تو میں شرما کر کہوں ابھی ہمیں اپنے بچوں کے لیے بھی کچھ بچانا ہے۔۔۔ وہ شرارتی نگاہوں سے مجھے دیکھتے ہوئے قریب ہو تو میں پرے دھکیل دوں۔۔۔
لڑکے کا خواب:
ایک حسین لڑکی ہو۔
مجھے ہیرو سمجھتی ہو۔
مجھ پر عاشق ہو جائے۔
میری خاطر دنیا کی ہر طاقت سے ٹکرا جائے۔
بے پناہ محبت کرتی ہو۔
سونے سے پہلے پیشانی کا بوسہ لے۔
صبح ماتھا چوم کر جگائے۔
میری اچھی سی جاب ہو۔
شام کو گھر جاؤں تو میرا بیگ پکڑ لے اور مسکراتے ہوئے مجھے دیکھے۔
لجاتے ہوئے کہے 'آپ فریش ہو جائیں میں آپ کے لیے چائے بناتی ہوں۔'
میں لہکتا گنگناتا جاؤں اور بیٹھ کر میٹھی میٹھی محبت بھری باتیں کروں۔
ہر ہفتے سرپرائز دوں۔
اچھے اچھے کھانے بنا کر دے۔
کپڑے دھو کر، استری کرکے الماری میں ترتیب سے لٹکایا کرے۔
جوتے سنبھال کر رکھے۔
زیادہ فضول خرچی کروں تو ٹوک دے پھر میں کہوں 'میری جان تمہارے لیے تو کماتا ہوں۔۔۔' وہ شرما کر کہے ابھی ہمیں اپنے بچوں کے لیے بھی کچھ بچانا ہے۔۔۔
مجنوں اور لیلیٰ دونوں مل بھی جاتے ہیں، شروع شروع میں یہ سکرپٹ ایسے چلتا بھی ہے لیکن پھر بستر پر ایک دوسرے کے درمیان بیزاریاں خراٹے لینے لگتی ہیں۔ لیلیٰ کہتی ہے تم بدل گئے، مجنوں کہتا ہے تم اب ویسی نہیں رہی۔۔۔ اور پھر بچے، ان کی تعلیم، پھر ان کی جاب، پھر ان کی شادیاں، پھر ان کے بچے، پھر اللہ اللہ، عمرہ، حج، دل کی گولیاں، ذیابیطس، انسولین کے ٹیکے۔۔۔ اور پھر اچانک ایک دن اگلے جہاں کو رخصت۔
ہم لوگ اپنے یہ خواب کیوں نہیں بدلتے؟
اپنے اندر کے فنکار کو تلاش کرکے زندگی اسی پیشن، جذبے، انفرادیت، جوش کے ساتھ کیوں نہیں گزارتے؟
لڑکا اور لڑکی محبت کرتے ہیں فطری ہے لیکن خواب صرف گھر بنانے، سجانے، سنبھالنے تک ہی کیوں محدود ہے؟
لڑکی لڑکے کا یہ خواب کیوں نہیں کہ وہ سائنسدان بنیں، پینٹر بنیں، رائٹرز بنیں، ایکٹر بنیں، ڈائریکٹر بنیں، سنگر بنیں، بزنس کریں، کچھ نیا تخلیق کریں۔۔۔؟
زندگی بہت مختصر ہے، اس کو محدود اور سطحی خوابوں کی نظر نہیں کرنا چاہیے۔۔۔ بڑے خواب دیکھیں، مکمل طور پر تعبیر نہ بھی ملے تو کیا ہے، کم از کم دل میں خلش تو نہ رہے گی کہ جو بننا چاہا اس کے لیے کبھی کوشش نہیں کی۔۔۔