اکادمی ادبیات پاکستان
پریس ریلیز
اکادمی ادبیات پاکستان نے مستحق اہل قلم کو وظائف کے اجراء پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو
پختونخوا، فاٹا اور گلگت؍بلتستان کے مستحق اہلِ قلم کے ماہانہ وظائف کے لیے کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد (پ ر) اکادمی ادبیات پاکستان ادیبوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقداما ت کر رہی ہے جس میں اہل قلم کی گروپ انشورنس اور ماہانہ وظائف شامل ہیں۔ یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے وظائف کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اکادمی کی سفارشات کی روشنی میں وزیراعظم پاکستان نے اہل قلم کی گروپ انشورنس اسکیم کے تحت 350اہل قلم کی انشورنس کا اعلان کیا تھا اور مستحق اہل قلم کے لیے وظائف کی تعداد 500سے بڑھا کر 1000اور ماہانہ وظیفہ مبلغ7,000/-روپے سے بڑھا کر مبلغ13,000/-روپے کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اکادمی ادبیات پاکستان نے ان احکامات کی روشنی میں عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ موجودہ سہ ماہی اکتوبرتا دسمبر 2017 سے یہ وظائف دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وظائف کے لیے چاروں صوبوں کی الگ الگ کمیٹیاں بنائی گئیں ہیں جن کے اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت؍بلتستان کے مستحق اہلِ قلم کی طرف سے موصوم شدہ درخواستوں کی سکروٹنی کا اجلاس عبدالصبحان خان، کنوینئر کمیٹی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اسلم تاثیر آفریدی، احمد حسین مجاہد، حسام الدین اسیر مینگل، ڈاکٹر نذیر تبسم، ڈاکٹر شاہدہ سردار، پروفیسر اباسین یوسفزئی، ڈاکٹر نصراللہ جان وزیر اور سید ولی خیال، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر، خیبر پختونخوا، نے شرکت کی۔ اس کمیٹی کو خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت؍بلتستان سے233 درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے کمیٹی نے جانچ پڑتال کے بعد156درخواستیں منظور کیں۔
(طارق شاہد)
افسرِ تعلقاتِ عامہ