(Last Updated On: )
علامہ افتخارالحسن رضوی (حجاز مقدس)
دنیا آزمائش میں ہے، لیکن اہلِ علم کے حلقوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی کی وجہ کچھ اور ہے۔ گزشتہ چند مہینوں میں صرف ہند و پاک میں ہی درجنوں علماء رخصت ہوئے۔ کورونا کے حقائق سے قطع نظر، یہ ایک مشکل وقت ہے۔ میں خود اپنے آس پاس میں انہی مسائل و مصائب اور پریشان کن معاملات سے گزر رہا ہوں۔ ’’اللہ حافظ و ناصر‘‘ کی مدد شامل حال ہو تو کچھ برا نہیں اور اگر دستِ اجل و قضاء اپنا فیصلہ سنانے پر آ جائے تو کون یہ طاقت رکھتا ہے کہ تمام تر وسائل بروئے کار لا کر بھی اسے روک سکے۔ ادیبِ شہیر، زینت قرطاس و قلم علامہ سید محمد فاروق القادری آج انتقال فرما گئے۔ (خانقاہ قادریہ شاہ آباد شریف، گڑھی اختیار خان،خان پور،ضلع رحیم یار خان)۔ ان کی حالیہ علالت سے ہم قریبی احباب مسلسل آگاہ تھے۔ ان کے وصال سے فقط دو گھنٹے قبل بھی ہم پر امید تھے کہ کوئی معجزہ ہو اور یہ علم و ادب کا ستارہ پھر سے رونقِ بزمِ علم و فن بن جائے۔ برادرِ عزیز سید صبغۃ اللہ سہروردی سے مسلسل اطلاعات ملتی رہیں، اگرچہ معاملہ واضح تھا لیکن گزشتہ روز ان کے وصال سے چند گھنٹے قبل سید صبغۃ اللہ نے ایک تصویر بھیجی، ضعف و تھکاوٹ واضح تھی لیکن سید زادے کے چہرے پر اطمینان تھا۔
میں نے ذاتی حیثیت میں ان کی شخصیت اور تصانیف سے سمجھا کہ وہ تصوف کے سرخیل تھے، علوم شرعیہ کے عالم ہونے کے ساتھ ساتھ کلامی، فلسفی، ادبی و شعری علوم پر گرفت رکھنے کے ساتھ ساتھ علومِ نقلیہ و عقلیہ پر بھی کلام فرمایا۔ علم و ادب تو اس گھر کا خاصہ ہے۔ آج کے دور میں مدارسِ دینیہ میں فارسی زبان کی تعلیم و تربیت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ عصری تعلیمی اداروں میں بھی یہ فن مفقود ہو رہا ہے، لیکن سید فاروق القادری کے صاحبزادے سید صبغت اللہ سہروردی جوان سال ہیں اور فارسی ادب سے خوب واقف ہیں۔ ہم فارسی سے متعلق سوالات پر ان سے رہنمائی لیتے ہیں۔ سید فاروق القادری علیہ الرحمہ نے اہل سنت کے مابین موجود اختلافات پر پانی ڈالنے کی بھرپور کوشش کی، وہ اجتماعیت، اعتدال بین المسالک کے علمبردار تھے لیکن فکری و نظریاتی اعتبار سے بہت کھرے اور ستھرے افکار کے حامل تھے۔ دینی و عصری علوم کے ماہرین ان سے رجوع کرتے۔
فقیر اپنی طرف سے، اپنے اعزاء، احباب و تلامذہ کی طرف سے برادرِ عزیز، ادیب و محقق، یار من سید صبغۃ اللہ سہروردی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہے۔
مولا کریم حضرت سید فاروق القادری علیہ الرحمہ کی مغفرت کاملہ فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر، صحت اور برکت عطا کرے، سید صاحب کی امثال پیدا فرمائے۔ آمین ٭٭٭