دہلی کا سفر
حاصل سیر جہاں کچھ نہیں حیرانی ہے
میرے لیے دہلی کا سفر خود کو زندہ رکھنے کی جدوجہد کا حصہ ہے، عزیزوں، دوستوں، قرابت داروں اور دانشوروں کو دیکھنا، ان کے ساتھ وقت گزارنا، انھیں سننا نہ صرف اچھا لگتا ہے بلکہ ایک نوع کی تازگی اور بشاشت کا احساس بھی ہوتا ہے….
عموماً دہلی میں میرے تین پتے ہوتے ہیں؛ اپنا گھر، استادِ محترم ڈاکٹر سرورالہدی صاحب (شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ) کا دفتر اور کرم فرمائے من پروفیسر شمیم حنفی صاحب کا گھر. اس بار دہلی کے سفر میں شمیم حنفی صاحب سے ملاقات کا وقفہ مختصر رہا،سرورالہدی صاحب عیدالاضحٰی کی وجہ سے اپنے وطن گئے ہوئے تھے اس لیے زیادہ وقت گھر میں گزرا، سفر سے واپسی پر سفر کے سود و زیاں کا حساب لگانا میری فطرت میں شامل ہے، آج فرصت تھی تو سوچنے لگا کہ اس سفر سے کیا حاصل ہوا؟؟ دوست، احباب اور قرابت داروں کے علاوہ شمیم حنفی، قاضی افضال حسین، قاضی جمال حسین، آصف اعظمی، ڈاکٹر خان شاہد وہاب، عبدالصمد وغیرہ سے ملاقاتیں رہیں لیکن ان سب سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں. اس سفر کا حاصل ایک ایسے شاعر سے "شرف ملاقات" ہے جن کے 45 شعری مجموعے منظرعام پر آچکے ہیں اور ان کی کتابوں کی مجموعی تعداد 53 ہے…. ان سے ہماری ملاقات دریاگنج کے ایک ہوٹل میں ہوئی جہاں کبیر اجمل اپنے دوست غفران امجد اور انور جمال کے ساتھ قیام پذیر تھے…
غفران امجد نے شاعر موصوف سے ہمارا تعارف کرایا اور بتایا کہ جناب 53 کتابوں کے مصنف ہیں تو مجھے اپنی کم علمی اور بے بضاعتی کا شدید احساس ہوا. کبیر اجمل صاحب میری کشمکش کو بھانپ لیا اور انھوں نے فوراً ان سے شعر کی فرمائش کی، اس محفل میں ہم (میں اور ڈاکٹر محمد اختر) ناشاعر تھے. میرا معاملہ یہ ہے کہ میں نہایت کورمذاق واقع ہوا ہوں، جب کوئی "بڑا شاعر" اپنا "سب سے اچھا شعر" سناتا ہے تو میں شرمسار ہونے لگتا ہوں…. شاعر موصوف نے غزلیں سنائیں، غفران امجد اور کبیر اجمل نے داد دی، ایک آدھ مصرعہ پر ہم ناشاعروں نے بھی واہ واہ کہنے کی جسارت کی….
شاعر موصوف کا دعویٰ تھا کہ انھیں ہندی والوں نے قبول نہیں کیا اور انھیں اپنی محفلوں میں جگہ نہیں دی تو احتجاجاً وہ اردو کی طرف آ گئے اور گذشتہ کئی برسوں سے اردو کی خدمت کررہے ہیں….. ان کی گفتگو اور غزل سن کر اندازہ ہوا کہ ایسے ہی جیالے خدمت گاروں کے احسانات کے بوجھ سے اردو کی گردن کمر سمیت جھکتے جھکتے گھٹنوں تک پہنچ چکی ہے……
اس دن شام میں کبیر اجمل کے شعری مجموعے "منتشر لمحوں کا نور" کے چوتھے ایڈیشن کی رسم رو نمائی غالب اکیڈمی میں ہونی تھی اس لیے جناب شاعر موصوف سے استفادے کا موقع نہیں مل سکا البتہ انور جمال صاحب دیر تک ان کے ساتھ ہمکلام رہے….
خدا انھیں سلامت رکھے….