میرے شہر والے……..30
سید ناصر جہاں…وحید ظفر قاسمی
بے شک الله اور اسکے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں. اے ایمان والو تم بھی ان پر درود اور خوب سلام بھیجو.(الاحزاب: ۵۶).
بس اک داغ سجدہ میری کائنات
جبینیں تری آستانے ترے
میں دوسری جماعت میں پڑھتا تھا اور اردو پڑھنا سیکھ چکا تھا. ہم کرائے کے مکان میں رھتے تھے. مالک مکان کی والدہ ایک نابینا بڑی بی تھیں جنھیں ہم سب دادی کہتے تھے.
ایک دن دادی نے اپنے سرہانے سے ٹٹول کر ایک نعتوں کی کتا ب بر آمد کی اور مجھ سے کہا کہ بیٹا اس میں سے وہ نعت سناؤ "میں سوجاؤں یا مصطفٰی کہتے کہتے…کھلے آنکھ صلے علیٰ کہتے کہتے. "
میں نے سپاٹ لہجے میں اسکول کے سبق کی طرح پڑھنا شروع کیا تو انھوں نے مجھے ٹوک دیا کہ بیٹا ذرا میٹھی لے میں اور محبت سے پڑھو. میں کچھ سمجھ نہ پایا تو انھوں نے مجھے ترنم سے بڑی نرم اور شیریں آواز میں یہ نعت پڑھ کر سنائی کہ ایسے پڑھتےہیں حمدو نعت. پھر انہوں خود ہی پڑھنا شروع کی. نجانے مجھ سے کیوں پڑھوا رہی تھیں. انھیں پوری نعت یاد تھی. نعت پڑھتے ہوئے انکی بے نور آنکھوں میں عجیب سی چمک اور نمی سی تھی.
اسکے تین چار سال کے بعد کی بات ہے. عید میلاد النبی صل اللە وعلیہ وسلم کی چھٹی تھی. میرے والد صاحب مجھے شہر کی ایک مسجد لے گئے. مجھے یاد نہیں وہ کونسی مسجد تھی، شاید آرام باغ کی یا میمن مسجد، بہر حال بتانا یہ تھا کہ اس مسجد میں، موئے مبارک، کی زیارت کروائی جا رہی تھی. میں اس وقت موئے مبارک اور اسکی شرعی حیثيت وغیرہ پر بات نہیں کرنا چاہتا. مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ تمام ،زائرين، عجیب کیفیتوں سے گذر رہےتھے. کوئی اس شیشے کے کیس کو چوم رہا تھا جسمیں، بال مبارك، رکھا ہوا تھا، کوئی ہاتھ باندھے سامنے کھڑا یک ٹک اسی پر نظریں جمائے ہوئے تھا. اکثريت درودوسلام کا ورد کر رہی تھی. اور ایک عجیب خوشبوؤں بھرا،عقیدت اور محبت سے شرابور ماحول تھا.
پھر میں جوان ہوگیا اور تلاش روزگار میں سعودی عرب پہنچ گیا.1978 میں الله رب العزت نے حج کی سعادت سے نوازا. پہلے ہم مدینہ منورہ گئے. مکہ روانہ ہونے سے پہلےالوداعی حاضری کیلئے روضۂ مبارك سے لگا ہوا،،جی ہاں ان دنوں روضہ کی جالیوں کو چھونے اور دعا کرنے پر کوئی پابندی نہیں تھی..میں درودوسلام میں مشغول تھا کہ مجھے اپنے عقب میں کسی کے پشتو میں گڑگڑانے اور آہ بکا کی آواز آئی. میں نے اضطراری طور پر پیچھے مڑکر دیکھا تو وہ ایک ترک نوجوان تھا اور دنیا مافیہا سے بے نیاذ ترکی زبان میں گڑگڑا رہا تھا.
پھر بہت سالوں بعد جب بڑھاپے میں داخل ہوا اور سیرت النبي کے مطالعے میں جب نبی کی ذات پر گذرنے والی ابتلاء وآلام کے واقعات پڑھتے ہوئے کئی بار آنکھیں نم ہوئیں. محسن انسانیت کے احسانات اور اپنی کم مائیگی پر شرمندگی نے کئی بار قلب کو گداز کیا.
میری ساری زندگی کے تجربہ کا نچوڑ یہ ہے کہ مسلمان چاہے کتنا ہی بے عمل کیوں نہ ہو. دینی شعائر سے غفلت برتتا ہو. دنیا میں کھویا ہوا اور فسق وفجور اس کا اوڑھنا بچھونا ہو. لیکن عشق نبی و آل نبی و اصحاب نبی اسکی زندگی اور اسکے ایمان کا لازمی جزو ہیں. یہ اور بات ہے کہ عشق رسول جیسی نعمت میسر ہونے کے باوجود ہم تہی دامن ہیں کیونکہ رسول کی اتباع سے ہم کوسوں دور ہیں. خیر اس پر پھر کبھی بات ھوگی
ہم اپنے اس عشق کا اظہار ہر ممکن خوبصورت طریقے سے کرتےہیں. شاعر اور ادیب اپنے قلم سے مصور اور خطاط اپنے برش سے اور جنھیں اللە تعالٰی نے خوش الحانی کی نعمت بخشی ہو وہ اپنی آوازوں سرورکائنات،سرکار دوعالم سے عقیدت ک حق ادا کرتےہیں.
ایک منفرد آواز
بچپن کی وہ صبحیں اب بھی یاد ہیں جب صبح سویرے ریڈیو پر مولانا احتشام الحق تھانوی کے درس قران کے بعد اکثر تو مہدی حسن کی پرسوز آواز ابھرتی…
لوح بھی تو قلم بھی تو، تیرا وجود الکتاب
شافع روز جزا،اللە اکبر آگیا
وہ شمع اجالا جس نے کیا چالیس برس تک غاروں میں
لیکن اس کے علاوہ ایک اور بڑی ہی منفرد آواز کانوں میں پڑتی
" تو خدا نہیں بخدا نہیں تو خدا سے لیکن جدا نہیں "
"جب مدینے کا مسافر کوئی پا جا تا ہوں
حسرت آتی ہے کہ یہ پہنچا میں رہا جا تا ہوں"
یہ آواز سید ناصر جہاں کی ہوتی تھی. ایسی پاکیزہ گویا وضو کی ہوئی.
اور جب دسویں محرم کی شب علامہ رشید ترابی کا مجلس شام غریباں سے خطاب اختتام کو پہنچتا تو ایک نہایت ہی درد بھرے سلام کی آواز ابھرتی
" سلام خاک نشینوں پہ سوگواروں کا"
اور اسکے بعد
"گھبرائیں گی زینب"
کیسا یہ بھرا گھر ہوا برباد الٰہی
کیا آئی تباہی
تو پورا گھر ایک عجیب سی کیفیت میں ہوتا. آنکھوںمیں نمی پھیلتی چلی جاتی.
انکے صاحبزادے سید اسد جہاں نے بتایا کہ یہ دونوں طرزیں سید ناصر جہاں نے خود اور صرف دو منٹ میں بنائیں.
عقیدت میں ڈوبی ہوئی یہ دو منٹ کی کاوش سید ناصر جہاں کو شہرت دوام بخش گئی.
الله انھیں اپنے جوار خاص میں جگہ دے.
این خانہ ہمہ آفتاب است
مجھے یاد نہیں کہ ستّر کے عشرے کا یہ کونسا رمضان تھا کہ سحری کی نشریات میں ایک نعت کے الفاظ کچھ اس طرح سے سنائی دیے جیسے پڑھنے والے کے دل سے نکل کر آسمان کی طرف پرواز کر رہے ہیں.
"الله ھو،اللە ھو،اللہ ھو اللە
میں نے اس سے زیاده پر اثر اور کوئی نعت نہیں سنی اور سن بھی کیسے سکتے ہیں. شاعر اور کاتب رسولۖ، سیدنا حسان بن ثابت کے کلام کے سامنے بھلا کسی اور کے کلام میں وہ تاثیر کہاں.
قاری وحید ظفر قاسمی کی اصل پہچان تو انکی حسن قرات تھی جو انھیں اپنے والد جناب زاہر قاسمی سے ورثے میں ملی. انکے بڑے بھائی شاکر قاسمی بھی ایک بلند پایہ قاری تھے اور ریڈیو اور ٹی وی سے انکی قرات تقریباﹰ ہر روز نشر ہوتی تھی.
لیکن نعت خوانی وحید ظفر کو اپنے والد اور برادر بزرگ سے زیادہ مشہور کر گئی.
میں سعودی عرب میں ملازمت کرتا تھا. میری dormitory کے پڑوس کے کمرے میں ایک ہندو ساتھی رہتا تھا. ایک دن اس نے مجھ سے کہا کہ مجھے وہ کیسٹ چاہئے جو تم اکثر فرائڈے کو پلے کرتے ہو. میری سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ کیا پوچھ رہا ہے تو اس نے "الله ہو" کی طرز گنگنا کر سنائی. میں نے اسے وہ کیسٹ دیدیا اور اب اس کے کمرے سے روز صبح اس نعت کی آواز سنائی دیتی. وہ کہتا تھا
It gives me peace
یہی peaceful انداز وحید ظفر قاسمی کی تمام نعتوں میں ہے.
جو پاکیزہ کام وہ کر رہے ہیں انکی وضع قطع بھی ویسی ہی صاف ستھری ہے. خوش گلو اور خوش آواز تو وہ ہیں ہی. ساتھ خوش جمال اور خوش لباس بھی. میں نے آج تک انکی کوئی تصویر انکی مخصوص جناح کیپ کے بغیر نہیں دیکھی.
اللہ انھیں سلامت رکھے اور وہ ایسے ہی اپنی پاکیزہ آواز سے ہمارے جذبۂ ایمانی کو جلا بخشتے رہیں.
یہ کالم فیس بُک کے اس پیج سے لیا گیا ہے۔