لیکن میرا دوست بہاول نگر (پاکستان) سے آیا ہے۔ اگر صرف دوست ہوتا تو میں خود ہی سلام کرلیتا، آپ کو زحمت نہ دیتا لیکن مشکل یہ ہے کہ کمبخت شاعر ایسا جسے فرشی سلام کرنے پر بھی دل نہیں بھرتا۔ مجھ سے عمر اور فنکاری دونوں میں بڑا ہے لیکن اس کے باوجود میرا بے تکلف و بے ریا دوست ہے۔ میں آج تک یہ فیصلہ نہیں کرپایا کہ سلیم شہزاد بڑا انسان ہے یا بڑا شاعر؟ چونکہ میں نے اپنی زندگی میں بہت سے بڑے ادیبوں کو کمینے انسان کے روپ میں بھی دیکھا ہے لیکن سلیم شہزاد کی نظمیں مجھے اس لحاظ سے بھی چونکاتی ہیں کہ جب بطور دوست یا انسان اس سے گھنٹوں فون پر بات کرتا ہوں تو یہ نہایت منکسر المزاج، اخلاق کا پلندہ، مسکین سا، سادہ لوح اور معصوم محسوس ہوتا ہے لیکن جب اس کی نظمیں پڑھتا ہوں تو وہ میرے قلب و جاں میں گھونسے برساتی نظر آتی ہیں۔ آئے ہائے ظالم کہاں سے یہ عشوہ گری سیکھی۔
’اثبات‘ میں ان کی کچھ نظمیں میں نے چھاپیں، فاروقی صاحب نے ’شب خون‘ میں بہت چھاپیں۔ میں ہمیشہ نئی نظم سے کچھ بیزار سا رہا، ممکن ہے اس میں میری فہم کا قصور ہو چونکہ میرا شاعروں سے ایک ہی خاموش مطالبہ ہوتا ہے کہ یار یا تو تم نثر ہی لکھ لو یا پھر نظم کہہ لو۔ یہاں نثری نظم مراد نہیں ہے، چونکہ نثری نظم (میں اس اصطلاح کا استعمال نہیں کرتا)کا بہرحال ایک آہنگ ہوتا ہے اور کئی معاملوں میں، میں اسے آزاد نظم پر مقدم بھی رکھتا ہوں۔ لیکن بہرحال شاعری اور نثر کی شعریات علیحدہ ہوتی ہیں۔ سلیم شہزاد نے ’آزاد نظم‘ بھی کثرت سے کہی اور نثری نظم بھی لیکن کمال یہ ہے کہ دونوں فارم کے درمیان آپ اس وقت تک فرق نہیں کرپاتے جب تک آپ جو میٹری باکس لے کر نہیں بیٹھتے اور مصرعوں کی لمبائی چوڑائی ناپنا شروع نہیں کردیتے۔ سلیم شہزاد کی نظموں پر ایک مضمون لکھنے کا کافی دنوں سے ارادہ کیے بیٹھا ہوں لیکن مصروفیت ہمیشہ آڑے آتی ہے۔ لیکن کیا فرق پڑتا ہے، میرے لکھنے یا نہ لکھنے سے سلیم شہزاد کی شاعرانہ عظمت پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا کہ ہندو پاک کے جوہر شناس اس کے فن ’شیشہ گری‘ کے معترف بھی ہیں اور قائل بھی۔ کچھ مثالیں ملاحظہ فرمائیں:
’’بہاول نگر کی اپنی ایک ثقافتی پہچان ہے۔ یہ ایک مردم خیز خطہ ہے۔ کتنی عظیم شخصیتوں کو اس نے جنم دیا ہے اور کتنی ہی اہم شخصیتیں اپنی نمود کے لیے بیتاب ہیں۔ سلیم شہزاد کو بھی ایسی شخصیتوں میں شمار کیا جانا چاہیے۔ وہ جدید شاعر ہیں، بھاول نگر کی آبرو۔ وہ جدید شاعری جس نے میراجی سے آغاز کیا تھا، بھاول نگر پہنچ کر وہ مزید جدید ہوگئی ہے۔‘‘ (انتظار حسین)
’’سلیم شہزاد ایک اعلیٰ درجے کا نظم گو ہے ، اسی لیے قارئین کی تعداد کے حوالے سے اس کا ہاتھ تنگ ہونا ایک لازمی بات ہوگی۔ دیگر شعرا کے برعکس سلیم شہزاد یہ طے کرکے نظم نہیں لکھتا کہ اس کا مخاطب کون ہے یا اس پر واہ وا کرنے والے کون اور کتنے لوگ ہوں گے کیوں کہ شاعر بنیادی طور پر اپنے اندر کی مجبوری کی وجہ سے لکھتا ہے اور یہ اس کا اپنا چوائس ہے کہ وہ کس درجے کے قاری کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔ ‘‘ (ظفر اقبال)
’’سلیم شہزاد سے میرا پہلا تعارف ڈاکٹر انیس ناگی کے رسالہ ’دانشور‘ میں ہو ا تھا اور ان کی نظموں نے فوراً توجہ کھینچ لی تھی، تو وجہ یہ نظر آئی کہ غزل گزیدہ شعرا کے ہجوم میں انھوں نے ’نظم‘ سے اپنا عشق استوار کیا اور اپنے اندر کی آواز کو کاغذ پر اُتارا تو اپنے تجربے میں آئے ہوئے ’سیج‘ کو اہمیت دی۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ سلیم شہزاد نے اس کتاب کی اشاعت سے اردو نظم کوبالکل ایک نئے راستے پر ڈال دیا ہے جس کو قبول کرنے کے لیے ’غزل کلچر‘ سے نکلنا ضروری قرار پائے گا۔ ‘‘ (انور سدید)
’’اس مجموعے کی نظموں کا جو پہلو قاری کو بطور خاص متوجہ کرتا ہے، وہ نظم کو صفحے پر پھیلانے اور سمیٹنے کا انداز ہے۔ مغرب میں پیٹرن اور ’کنکریٹ پوئٹری‘ کی روایت یونان کے زمانے سے چلی آتی ہے۔ اس روایت کے تحت نظم کو حسی پیکر میں ڈھالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس کے لیے نظم کے مصرعوں کو ایک ایسے پیٹرن میں لکھا جاتا ہے یا ایک ایسا مصورانہ انداز اختیار کیا جاتا ہے کہ نظم کا خیال اپنے تمام حسی انسلاکات کے ساتھ محسوس ہونے لگتا ہے۔ سلیم شہزاد کے یہاں اس روایت سے استفادے کے علاوہ یہ شعور بھی ملتا ہے کہ کاغذ کی اسپیس اور نظموں کی سطروں کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے ، ہمارے اکثر نظم گو شعرا اس تعلق سے نابلد یا لاتعلق نظر آتے ہیں۔‘‘ (ناصر عباس نیر)
’’یہ وہ نظمیں ہیں جنھیں لکھنے کے لیے اپنے آپ سے نفرت کرنا ضروری ہے۔ یہ کام ان شاعروں کے بس کا نہیں ہے جو کسی اونچے منبر پر کھڑے ہو کر محبت، شجاعت، امن اور انقلاب کے گیت گاتے ہیں اور اپنے آپ کو نرگس کے پھولوں سے سجاتے ہیں۔…سلیم شہزاد کا یہ مجموعہ اردو نظم کے ارتقا میں ایک اگلا پڑاؤ ہے۔ اسے پڑھنے اور سمجھنے کے لیے ہمیں اپنے حواس و ادراک کو دوسری طرح سے تیار کرنا ہوگا۔ اپنے آپ کو فرسودہ شعری رویوں اور کلیشوں کی دنیا سے یکسر آزاد کرنا ہوگا۔ ‘‘ (خالد جاوید)
’’سلیم شہزاد کے شعری تجربے بعضوں کے لیے مہمل بھی ہوسکتے ہیں ، جیسے شاعر محض لفظوں سے کھیلتا ہے (حالاں کہ شاعری لفظوں کا ہی کھیل ہے)بلکہ کھلواڑ کرنے کے درپے ہے۔ خواہ مخواہ کاغذ کا زیاں ہے۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہوا کہ ہم شاعر سے یہ تقاضہ کرنے میں حق بجانب ہیں کہ وہ ایسا لکھے ویسا نہیں لکھے، یوں لکھے توں نہ لکھے۔ دراصل سلیم شہزاد کی نظمیں ہمارے کٹے پھٹے عہد کی کٹی پھٹی صورت حال کی بھرپور نمائندگی کرتی ہیں۔ ہر نظم کا پیکر زخم خوردہ ہے، سر پھوٹے ہوئے ہیں، جلد جگہ جگہ سے چاک ہے، کہنیاں چھلی ہوئی ہیں، پیروں میں آبلے پڑے ہوئے ہیں۔ ‘‘ (عتیق اللہ)
اب اور کیا چاہیے؟ جب سلیم شہزاد کی نظموں پر دنیاے اردو ادب کے اتنے اہم دستخط ثبت ہوں تو پھر سلیم شہزاد کی نظموں کو پڑھنے سے صرف ایک چیز ہی روک سکتی ہے ، اور وہ یہ کہ ہم ذوق لطیف سے یکسر عاری ہوں ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ہندوستان میں ’استفسار پبلی کیشنز‘ (ہمارے عادل رضا منصوری والا پبلی کیشن ہاؤس، جے پور) نے سلیم شہزاد کی نظموں کا تازہ مجموعہ ’کٹی پوروں سے بہتی نظمیں‘ شائع کردیا ہے، جب کہ پاکستان سے ’بک ہوم‘ لاہور نے اسی مجموعے کو شائع کیا ہے۔ گویا سلیم شہزاد نے دونوں ملکوں کے باذوق قارئین کے لیے راہ فرار مسدود کردی ہے۔ میری احباب سے درخواست ہے کہ خدا کے لیے اچھی کتابوں کی عزت کیجیے، خواہ وہ کہیں سے بھی شائع ہو۔ اگر آپ فکشن، ویب سیریز اور ٹی وی سیریل کے اس دور میں شاعری کو گنوا بیٹھے تو میرا یقین کیجیے کہ ہماری آئندہ نسلیں گونگی پیدا ہوں گی کیوں کہ ہمارے تمام انسانی جذبوں کی ترسیل شاعری سے زیادہ بہتر کوئی دوسری صنف ادب نہیں کرسکتی۔