تحریر: عزیر یونس
ترجمعہ: محمد حارث
(یہ آرٹیکل 9اپریل کو روزنامہ ڈان میں انگریزی میں شائع ہوا جس کا اُردو ترجمعہ پیش کیا جا رہا ہے۔ لنک)
گرتی ہوئی معیشت کم از کم مستقبل قریب کے لیے ہاؤس آف شریف کی سیاست کو اپنے ساتھ دفن کر دے گی۔
جب مورخین فرانس کے انقلاب کا باعث بننے والے اسباب کے بارے میں لکھتے ہیں، تو وہ اکثر اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ شاہ لوئس XVI کی کمزوری، عدم فیصلہ سازی اور سیاسی بصیرت کی کمی نے فرانس میں ہاؤس آف بوربن کو گرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جب کوئی فرانس میں دہشت گردی کے دور کا باعث بننے والے واقعات پر نظر ڈالتا ہے تو اُسے، لوئس XVI کی عدم فیصلہ سازی، اقتصادی اصلاحات کو نافذ کرنے میں ناکامی، ضروری غذائی مصنوعات، خاص طور پر گندم کی کمی، ایک اشرافیہ جس نے ٹیکس کی مد میں اپنا منصفانہ حصہ ادا کرنے سے انکار کر دیا تھا، کے بارے میں پڑھنے کو ملتا ہے۔ اور یہاں تک کہ ایک اسکینڈل جسے “ڈائمنڈ نیکلیس کا معاملہ” کہا جاتا ہے، جس نے شاہی خاندان کو بدنام کیا اور اس کی مقبولیت کو ناقابلِ اصلاح نقصان پہنچایا ۔
بہت سے طریقوں سے، آج کا پاکستان فرانس کے اُس قدیم دور حکومت سے بالکل مماثلت رکھتا ہے۔ جیسا کہ ہم “پرانا پاکستان” کی واپسی کی ایک سال کی سالگرہ کے موقع پر، جسے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ کے فلور پر اپنی تقریر کے دوران مشہور انداز میں پیش کیا تھا، پاکستان زلزلے اور زمین کو ہلا دینے والی ہلچل سے گزر رہا ہے۔ اور تمام ہلچل کی طرح، اس سے سب سے زیادہ متاثر عام شہری ہیں جو جذباتی اور معاشی صدمے کا سامنا کر رہے ہیں جس سے صحت یاب ہونے میں نسلیں لگ جائیں گی۔
تو اس معاشی بحران کے اصل اسباب کیا ہیں؟ اور یہ کہ اتنے کم عرصے میں معاملات اتنے دگرگوں کیوں ہو گئے؟
عدم فیصلہ سازی اور اندرونی لڑائی جھگڑا
اس کا واضح جواب، جیسا کہ اس مصنف نے کئی تجزیوں میں دہرایا ہے، پاکستان کی سیاسی معیشت کی ناقابل عملیت میں ہے، جو ایک طفیلی کلیپٹو کریسی کی گرفت میں آچکی ہے جو اب خود اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔
لیکن یہ اپنے آپ میں پچھلے 12 مہینوں میں پاکستان کے معاشی امکانات میں تیزی سے آنے والی کمی کی وضاحت نہیں کرتا ہے۔ بحران، جو تباہی کے ساتھ شروع ہوا تھا – اور میں یہاں کہوں گا ایسا پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے مجرمانہ طور پر پٹرولیم سبسڈی کی صورت میں اقتصادی بارودی سُرنگیں بچھانے سے ہوا تھا۔ لیکن یہ اس وقت ناقابل اصلاح نہیں تھا جب شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم بننے کے لیے اپنی شیروانی پہنی تھی۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا پروگرام واقعی اس وقت آف ٹریک تھا اور ہاں، پاکستان قرض دینے والے کے ساتھ اپنی تمام تر ساکھ کھو چکا تھا۔ لیکن ایک نئی حکومت، جو جمہوریت اور معیشت کو بچانے کی واضح خواہش کے ساتھ اقتدار میں داخل ہوئی، اس وقت حالات کا رخ موڑنے کے قابل تھی۔
پیٹرول کی سبسڈی واپس لینے میں تاخیر اس بات کا ابتدائی اشارہ تھا کہ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے پوری طرح تیار نہیں تھے۔ شہباز شریف کو اقتدار سنبھالنے کے بعد جو کام (یعنی پیٹرولیم سبسڈی ختم کرنا ) پہلے دن کرنا تھا اور اشارہ دینا کہ تھا ان کی حکومت کا مقصد کام کرنا ہے، اُنھیں کرنے میں چھ ہفتے سے زیادہ کا عرصہ لگ گیا-
یہ جھنجھلاہٹ صرف پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے تک محدود نہیں تھی – ان کے اقتدار میں آنے سے کئی ماہ قبل، مسلم لیگ (ن) کا “اکنامک تھنک ٹینک” ماہرین کے ساتھ بات چیت کر رہا تھا تاکہ یہ سمجھ سکیں کہ معیشت کو بچانے کے لیے اسے کیا کرنے کی ضرورت پڑے گی۔ تو ایسا نہیں تھا کہ مفتاح اسماعیل، مصدق ملک اور احسن اقبال جیسے لوگ اس بات سے واقف نہیں تھے کہ انہیں کیا کرنا چاہیے۔
لیکن معلوم ہوا کہ وزیر اعظم خود غیر واضح تھے، نہ صرف اس بات کے بارے میں کہ انہیں اپنے ارادے اور عمل کو ظاہر کرنے کے لیے کیا کرنے کی ضرورت تھی، بلکہ یہ بھی کہ آیا وہ اقتدار میں رہیں گے بھی یا نہیں۔ حامد میر کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں، شہباز شریفنے خود تسلیم کیا کہ وہ انتخابات کا اعلان کرنے کے لیے تیار تھے اور یہ فیصلہ صرف اس لیے نہیں کیا گیا کہ عمران خان نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا تھا۔
اس عرصے کے دوران، وزیر اعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ فیصلے وہ نہیں بلکہ ان کے بڑے بھائی، نواز شریف کر رہے تھے – شہباز شریف مئی کے شروع میں اپنی کابینہ کے ارکان کے ساتھ بڑے بھائی سے ملنے لندن گئے تھے۔
حکومت کی پالیسی کا تعین کرنے میں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے جو کردار ادا کیا اس کی دیگر مثالیں بھی تھیں – جیسے مریم نواز نے مفتاح اسمٰعیلسے کہا کہ وہ پالتو جانوروں کے کھانے کے مسائل کو دیکھیں اور خوردہ فروشوں سے ٹیکس وصول کرنے کے لیے ٹیکس اسکیم کو اُن کے اعتراض کے بعد واپس لے لیا گیا— یقیناً یہ دباؤ تاجروں کی طرف سے آیا تھا، جو مسلم لیگ (ن) کا ایک بنیادی ووٹر بلاک ہے۔
اس عدم فیصلہ سازی کے باوجود، معیشت اب بھی ناقابلِ اصلاح نہیں تھی کیونکہ 13 جولائی 2022 کو اسٹاف لیول کے معاہدے کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام کو پٹری پر لا لیا گیا تھا۔ یہ بامعنی اصلاحات کو آگے بڑھانے کا ایک اور موقع تھا جو نہ صرف معیشت کے لیے اچھا ہوتا۔ بلکہ بین الاقوامی قرض دہندگان کے درمیان پاکستان کی ساکھ کو بھی از سر نو تعمیر کرتا۔
ڈار کی انتقام کے ساتھ واپسی
لیکن ان کارروائیوں کو آگے بڑھانے کے لیے ذمہ دار شخص کو اس کی اپنی پارٹی کے ایک رکن کی قیادت میں بغاوت کا سامنا تھا۔ خوشگوار انگریزی موسم گرما سے لطف اندوز ہوتے ہوئے، اسحاق ڈار اپنی ہی پارٹی کے وزیرِ خزانہ کے خلاف ایک کے بعد ایک کاروائی کرتے رہے، جس سے تنگ آکر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ “وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو کر خوش ہوں گے” تاکہ ڈار کی واپسی کی راہ ہموار ہو سکے۔
ستمبر 2022 میں ڈار کی واپسی اس بات کا ایک اور ثبوت تھا کہ فیصلہ سازی واقعی وزیراعظم کے ہاتھوں میں نہیں تھی اور یہ ایک کھلا راز تھا کہ ڈار مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کی نمائندگی کے لیے اسلام آباد واپس آ رہے تھے۔ .ڈار جب اپنی واپسی کے پہلے چند دنوں میں ڈالر کے ریٹ کو نیچے لانے میں کامیاب ہو گئے تواکتوبر میں اُنھوں نے دعویٰ کر دیا کہ ڈالر جلد ہی 200 روپے سے نیچے آ جائے گا — ڈار بیٹ مین کم اور گوتھم میں واپس آنے والے جوکر کی طرح زیادہ تھے ۔
اُن کی نگرانی میں، عام فہم معاشیات پر چالبازی کو ترجیح دی گئی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ آئی ایم ایف پروگرام ایک بار پھر پٹری سے اُتر گیا، پاکستان کے خیر خواہوں (سعودی عرب، چین، عرب امارات، قطر) نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا، اور معیشت کی تنزّلی تیز ہوگئی۔ ڈار کا ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے لیے واشنگٹن کا دورہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا، ان کے متعدد اعلانات کے باوجود کہ اس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اُسی دوران کئے گئے دوروں کے دوران، جب پاکستان کے رہنما تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی امداد کے خواہاں تھے، جس نے 30 ملین سے زیادہ افراد کو متاثر کیا تھا، اور جب کہ دنیا نے فوری مدد فراہم کرنے کے لیے قدم بڑھایا اور 9 بلین ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا، آئی ایم ایف اس کے باوجود نرمی لیے تیار نہیں تھا۔
کابینہ کے ایک اہم رکن نے اس وقت مجھے بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ اپنی تمام تر ساکھ کھو چکا ہے اور ڈار نے آئی ایم ایف کو وہ کام کر کے ناراض کیا ہے جو حکومت نے قرض دینے والے ادارے سے وعدہ کیا تھا کہ وہ نہیں کرے گی۔
اس کے بعد کے مہینوں میں، حکومت نے بین الاقوامی قرض دہندگان میں اپنی ساکھ اور اندرون ملک مقبولیت دونوں کو نقصان پہنچانا جاری رکھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سمندر میں کھوئے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، انہوں نے معیشت کا انتظام ایک ایسے شخص کو سونپ دیا تھا جسے لگتا تھا، معیشت کی سمجھ کم اور وہ سیاسی چالبازیوں میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔
ڈار کا یہعقیدہ کہ کسی شے کی قیمت – یعنی امریکی ڈالر – معیشت کے متحرک اور کامیاب ہونے کی عکاس تھی نے جلتی پر مزید تیل ڈالا۔ بدنام زمانہ ڈار پیگ کی وجہ سے روپے کی قانونی اور غیر قانونی شرح مبادلہ میں فرق پیدا ہوا، جس کی وجہ سے معیشت میں انتہائی ضروری غیر ملکی کرنسی کے قانونی بہاؤ میں کمی واقع ہوئی۔ ترسیلات زر غیر قانونی مارکیٹ میں منتقل ہوئیں، برآمدات میں کمی آئی، اور یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ ڈار یہ بازی نہیں جیت سکتا، مارکیٹ کے شرکاء نے اپنی دولت کی حفاظت کے لیے ڈالر خریدنا شروع کر دیے۔
بجائے اس کے کہ کرنسی کو ڈی ویلیو ہونے دیا جاتا، غیر ملکی کرنسی کو بچانے کے لیے درآمدات پر پابندیاں لگائی گئیں – اگرچہ یہ اقدامات ڈار کی واپسی سے پہلے شروع ہوئے لیکن 2022 کے آخر تک اپنی انتہا کو جا پہنچے ۔ نتیجے کے طور پر، سپلائی چین بگڑنا شروع ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں ادویات جیسی اشیائے ضروریہ کی قلت، مُرغی اور آٹے سمیت کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بند ہو گئیں۔
ڈار پیگ بالآخر ٹوٹ گیا اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا – لیکن یہ بہت کم، بہت دیر سے تھا۔ جب روپے کو اپنی حقیقی مارکیٹ ویلیو مل گئی، اس وقت تک جن کے پاس وسائل تھے وہ پہلے ہی اپنے اثاثے ڈالروں میں تبدیل کرچے تھے۔ ان کا شہباز، ڈار اور پی ڈی ایم حکومت کی معاشی صلاحیت پر اعتماد ختم ہو چکا تھا۔ ہر دوسری بات چیت اس بارے میں تھی کہ ڈالر کہاں جا رہا ہے اور آیا کسی کو سونا، چاندی، یا کوئی اور ڈالر کی قیمت والے اثاثے خریدنا چاہیے۔
عام شہریوں کے لیے، حالات اس سے زیادہ خراب نہیں ہو سکتے تھے: مہنگائی روز بروز بڑھتی جا رہی تھی اور فروری 2023 میں کراچی کے دورے پرمصنف نے اس بات کا تجربہ کیا جسے بنیادی طور پر مہنگائی کی غیر متوقع توقعات سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
ہم یہاں سے کہاں جائیں؟
فرانس کے انقلاب کے دوران ہاؤس آف بوربن کی طرح ہاؤس آف شریف کو بھی تباہی کا سامنا ہے۔ شاید اسی وجہ سے وہ پنجاب میں انتخابات میں تاخیر کی کوشش کر رہے ہیں، چاہے اس کا مطلب آئین کی خلاف ورزی ہی کیوں نہ ہو۔
لیکن شریف کی قیادت والی حکومت نے گزشتہ سال جس طرح سے حکومت کی ہے، اس کے پیش نظر مشکلات یہ ہیں کہ وہ معیشت اور اپنے سیاسی امکانات دونوں کو بچانے میں ناکام رہیں گے۔
مہنگائی آج 35 فیصد سے زیادہ ہے – جو اب تک ریکارڈ کی گئی شرح سے سب سے زیادہ ہے – اور اس میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ شرح سود 21pc پر ہے – حقیقی شرحوں کے لحاظ سے منفی۔ مرکزی بینک کو ایک بار پھر وزارت خزانہ کے ذریعے کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اور پاکستان کے باصلاحیت شہری کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھنے کا وعدہ کرتے ہوئے ملک سے باہر نکلنے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔
آنے والے دنوں میں، سعودی عرب کی طرف سے کچھ فنڈنگ ممکن ہو سکتی ہے، جو چین کی حالیہ حمایت کے ساتھ مل کر آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ (SLA) تک پہنچنے میں مدد کر سکتی ہے۔ ایسا حکومت کی جانب سے چند ہفتے قبل پیٹرول سبسڈی پلان جیسے اعلانات کے ذریعے پروگرام کو پٹڑی سے اتارنے کی بھرپور کوششوں کے باوجود ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی کرنسی کی یہ انتہائی ضروری آمد فوری طور پر بحران کو کم کر دے گی، لیکن صورت حال میں معمولی بہتری آئے گی، اور صرف اگلے تین سے چار ماہ تک۔ یہ پی ڈی ایم کو انتخابات میں لے جاتا ہے (اگر وہ منعقد ہو جاتے ہیں)، جہاں امید کی جا سکتی ہے کہ ایک پاپولسٹ اور توسیعی بجٹ انہیں ایک بیانیہ بنانے میں مدد دے گا کہ انہوں نے ڈیفالٹ کو ٹال دیا ہے اور ملک کو تباہی سے بچا لیا ہے۔
لیکن یہ محض درست نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان میں جاری معاشی بحران —ایک ایسا بحران جو PDM کے سر پر ایک کئی سر والا اژدہا بن گیا ہے – کافی عرصے تک جاری رہنے والا ہے۔
دن کے اختتام پر، گرتی ہوئی معیشت کم از کم مستقبل قریب کے لیے ہاؤس آف شریف کی سیاست کو اپنے ساتھ دفن کر دے گی۔ لیکن اس کا ملبہ لاکھوں عام شہریوں پر بھی گرے گا – تقریباً چالیس لاکھ پہلے ہی خط غربت سے نیچے آچکے ہیں — اور ان کی آنے والی نسلیں بھی۔ ان شہریوں کو بچانے اور ان کی زندگیوں کی تعمیر نو میں اگر کئی دہائیاں نہیں تو کئی سال کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیاں اور سیاسی معیشت کی مکمل بحالی تو لگ جائے گی۔
بدقسمتی سے پاکستان کے لیے، آج ملک میں کوئی ایک بھی ایسا رہنما، سیاسی جماعت، یا ادارہ نہیں ہے جو اس بحران کی نوعیت کو پوری طرح سمجھتا ہو کہ ایک زیادہ منصفانہ، پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے اسے کیا کرنا پڑے گا جو نہ صرف ملک کے تمام لوگوں کے لیے کام کرے نا کہ چند لوگوں کے لیے۔
عالمی پیمانے پر ادیب اطفال کی ڈائریکٹری
دنیا میں جس جگہ اردو ہے، وہاں بچوں کے ادیب اور شعرا؛ اطفال کے لیے کہانیاں ، نظمیں ، ڈرامے،...