مادری زبان اردو ( نظم بہ قید صنعتِ توشیح )
م۔ میری امّی نے اردو سکھائی مجھے
گود میں اپنی اردو پڑھائی مجھے
ا۔ ان کے لفظوں سے دیکھی ہے ہر شے یہاں
اردو کی آنکھ سے ہے دکھائی مجھے
د۔ دنیا کہتی ہے جس کو وہ اردو زباں
اس کے حرفوں کی دنیا سجھائی مجھے
ر۔ رے سے رحمت وہ رب سے یوں مانگا کرو
اردو میں ہی دعا وہ بتائی مجھے
ی۔ یعنی اردو کے قالب میں ڈھالا مجھے
پاس اردو کے ماں ہی تو لائی مجھے
ز۔ زرّیں لفظوں کی مالا ہے اردو زباں
بھاگئی جس کی ہے خوش نمائی مجھے
ب۔ بولی ماں کی ہے میری یہ اردو زباں
رفتہ رفتہ یوں اردو ہے آئی مجھے
ا ۔ اردو ماں کی زباں اردو میری زباں
اردو لگتی ہے میری ماں جائی مجھے
ن۔ نام دنیا میں اردو کا باقی رہے
اس کی شہرت ہمیشہ سے بھائی مجھے
ا۔ اس کی شیریں بیانی بہت دل پسند
اس میں دل کش روانی ہے پائی مجھے
ر ۔ روپ اس کا ہے ایسا حسیں دل نشیں
حسن میں دکھتی ہے دل ربائی مجھے
د ۔ دنیا میں اس کی عظمت کے ہر سو نشاں
دیتی ہے اس کی شہرت سنائی مجھے
و۔ وقت آئے گا ایسا بھی پھر لوٹ کر
اردو آخر دکھے گی طلائی مجھے
ارشاد احمد ارشادؔ دہلوی