(Last Updated On: اکتوبر 5, 2023)
ہوا شرارت سے روز آ کر بٹن دباتی ہے
اور اندر
ذرا سی آواز گونجتی ہے
وہ دائیں کھڑکی سے اپنے چوبی بدن پہ رکھا ہوا کسی کا
بناوٹی سر نکالتا ہے
ہمیشہ یکساں جواب دیتا ہے
دیکھ: اے کوہ سبز کی رہنے والی لڑکی
ابھی ضرورت ہے۔۔ ۔۔ ہم حویلی میں
روشنی کو
سکھائیں آداب ظلمتوں کے
ابھی یہ دروازہ بندشوں کا
نہیں کھلے گا
ہم اپنے دشمن نہیں کہ میعاد تربیت میں
خلل کو تسلیم کی سند دیں
یہاں سے جاؤ
یہ چار دیواریوں کا پہرہ
یہ حبس خائف نہیں کسی سے
جمود۔۔ ۔۔ ہیئت خرابیوں کی
تم اپنے دست سبک سے کیسے بدل سکو گی
کہیں سے آندھی کا زور
طوفاں کا غلغلہ اپنے ساتھ لاؤ
٭٭٭