تمازتوں کی پسند اپنی، ضیائوں کا انتخاب اپنا
ہزار تاروں میں میری دنیا نے چن لیا آفتاب اپنا
وہ اسکا ملنا کبھی اکیلے، وہ اسکا ملنا قرینِ محفل
وہ ایک اسکی سپردگی سی، وہ ایک اسکا حجاب اپنا
وہ اسکی باتوں میں نغمگی یوں، کہیں کوئی جلترنگ ٹھکورے
جھکی سی آنکھوں میں دلکشی وہ کہ چھوڑ دینا شراب اپنا
کہا تو تھا اس نے ہم سفر ہیں بہم چلیں گے بہم رکیں گے
مگر وہ رستوں میں سوچ اپنی، مسافتوں کا حساب اپنا
بھرے جہاں میں طرح طرح کے مزاج ملتے ہیں آدمی کے
سوال تھا اسکی بے رخی کا، نباہ کرنا جواب اپنا
خیامِ سوزاں کی ضو میں ہم نے منائی کیسے شبِ غریباں
وہ جسکو کہتے ہیں عشق یارو، وہی تو تھا ہمرکاب اپنا
کبھی تو اہل وطن کہیں گے کہ لوٹ آئو کھلے ہیں رستے
کبھی تو جا کے کریں گے پورا رہا ادھورا جو خواب اپنا
چلا ہوں تو وقت کے سنگھاسن سے اپنا رختِ سفر اٹھا لوں
یہ عشق اپنا گناہ اپنے، ریاض اپنا ثواب اپنا