(Last Updated On: )
شرارت میں کمی کوئی نہ کی اشرار مکہ نے
مسلمانوں کو بے بس کر دیا کفار مکہ نے
مگر ا س پر بھی جب بڑھتے رہے پیرو محمدؐ کے
تو باہم مشورے ہونے لگے ایذائے بیحد کے
ابو جہل و امیہ، بو لہب، عقبہ ابو سفیاں
ولید و عاص و عتبہ الغرض جتنے بھی تھے ذیشاں
یہ فرزندان تاریکی جو نور حق سے چندھیائے
ہوئے اک دن اکٹھے اور ابو طالب کے گھر آئے
کہا ہم کو بھتیجا آپ کا بے دین کہتا ہے
ہمارے دین کو انسان کی توہین کہتا ہے
برا کہتا ہے وہ چھوٹے بڑے سارے خداؤں کو
ہبل کو لات کو عزٰی کو دیوی دیوتاؤں کو
ہمارے باپ داداؤں کو بھی گمراہ کہتا ہے
سوااپنے خدا کے سب کو غیر اللہ کہتا ہے
بس اب برداشت کر سکتے نہیں ہم اس کی جرات کو
کسی دن دیکھ لیں گے اس کو اور اس کی نبوت کو
تم اس کا ساتھ چھوڑا کرو یا کرو تنبیہ سمجھاؤ
وگرنہ جنگ کا ساماں کرو میدان میں آؤ