ہم جانتے ہیں کہ تمام انسان شعور رکھتے ہیں- اس کا مطلب یہ لیا جاتا ہے کہ ہم پر جو کچھ گذرتی ہے ہم اس کا اندرونی طور پر تجربہ کرتے ہیں- ہمارے ذہن میں اپنے بارے میں یہ واضح تصور ہوتا ہے کہ یہ 'میں' ہوں- اپنے جسم کے بارے میں ہمارے ذہن میں یہ واضح تصور ہوتا ہے کہ یہ ہمارا جسم ہے-
کیا جانوروں میں بھی اسی قسم کا کوئی شعور موجود ہے؟ اس سوال کا جواب دینا انتہائی مشکل (شاید ناممکن) ہے- تاہم سائنس دانوں نے کچھ ایسے ٹیسٹ ایجاد کیے ہیں جن سے کم از کم یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کیا جانور کے ذہن میں 'یہ میرا جسم ہے' کا کوئی تصور موجود ہے- اس ٹیسٹ میں جانوروں کے سامنے آئینہ رکھا جاتا ہے اور یہ دیکھا جاتا ہے کہ آئینے میں اپنا عکس دیکھ کر جانوروں کا ردعمل کیا ہوتا ہے- زیادہ تر جانور آئینے میں اپنے عکس کو کوئی دوسرا جانور سمجھ کر اس پر حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں- لیکن کچھ جانور ایسے ہیں جو کچھ ہی دیر میں یہ پہچان لیتے ہیں کہ آئینے میں کوئی اور جانور نہیں ہے بلکہ ان کا اپنا ہی عکس ہے- مثال کے طور پر اگر ان جانوروں کے چہرے پر سرخ رنگ کا داغ لگا دیا جائے تو پہلے یہ آئئنے میں اس داغ کو غور سے مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں اور پھر اس داغ کو اپنے منہ سے کھرچنے کی کوشش کرتے ہیں- گویا جانور یہ سمجھتے ہیں کہ آئینے میں اس چہرے پر جو داغ نظر آ رہا ہے وہ اصل میں ان کے اپنے چہرے پر ہے- یہ جانور آئینے میں گھس کر اس داغ کو چھونے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ آئینہ دیکھ کر اپنے چہرے پر اس داغ کو چھوتے ہیں- ان جانوروں میں بونوبو، چمپنزی، ڈولفن، ہاتھی، اور کوے شامل ہیں- چنانچہ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ کم از کم یہ جانور 'میں' کے تصور سے واقف ہیں-
اس کے برعکس جو جانور آئینے میں اپنے عکس کو نہیں پہچان پاتے ان کے بارے میں سائنس دانوں کی رائے یہ ہے کہ یہ جانور 'میں' کے تصور کو نہیں سمجھتے چنانچہ ان میں شعور نہیں ہے
اب حال ہی میں سائنس دانوں نے کچھ مچھلیوں پر یہی تجربہ دہرایا تو انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ یہ مچھلیاں بھی 'میں' کے تصور سے واقف ہیں- نہ صرف یہ آئینے میں اپنے آپ کو ہر زاویے سے دیکھتی ہیں بلکہ اگر ان پر کوئی داغ لگایا جائے تو آئینہ دیکھنے کے بعد اس داغ کو چٹانوں سے کھرچ کر اتارنے کی کوشش کرتی ہیں اور بار بار آئینے میں یہ دیکھتی ہیں کہ داغ اتر گیا یا نہیں- اگر ایسی مچھلیوں کے جسم پر داغ لگایا جائے لیکن وہ آئینے کے سامنے نہ ہوں تو وہ اس داغ کو کھرچنے کی کوشش نہیں کرتیں-
تو آپ کی کیا رائے ہے؟ کیا آپ کے خیال میں یہ مچھلیاں شعور رکھتی ہیں؟
https://www.nationalgeographic.com/…/fish-cleaner-wrasse-s…/