وہ اپنے جسم کے تنے سے اپنے گرے پتّے اُٹھاتی ہے
اور روز اپنی بند مٹھی میں سسک کے رہ جاتی ہے/
وہ سوچتی ہے
کہ انسان ہونے سے بہتر تو وہ گندم کا ایک پیڑ ہوتی/
تو کوئی پرندہ چہچہاتا تو وہ اپنے موسم دیکھتی/
لیکن وہ مٹی ہے، صرف مٹی
وہ اپنے بدن سے روز کھلونے بناتی ہے/
اور کھلونے سے زیادہ ٹوٹ جاتی ہے…./
وہ کنواری ہے، لیکن ذلت کا لگان سہتی ہے/
وہ ہماری ہے
لیکن ہم بھی اُسے اپنی دیواروں میں چُن کے رکھتے ہیں/
کہ ہمارے گھر اینٹوں سے بھی چھوٹے ہیں/
___سارا شگفتہ
اقبال نے کہا تھا
وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ
عورت آج برانڈ بن چکی ہے۔ ایک ایسا برانڈ، جس کے نام پر ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے اپنے پروڈکٹ کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لئے اس کی مدد لیتی ہیں۔ چاہے وہ جنیفیر لوپیز ہوں، ایشوریہ رائے یا سشمتا سین۔سوئی سے صابن اور ہوائی جہاز تک، بازار میں عورت کی مارکیٹ ویلیو، مردوں سے زیادہ ہے۔ سچ پوچھئے تو تیزی سے پھیلتی اس مہذب دنیا، گلوبل گاﺅں یا اس بڑے بازار میں آج عورتوں نے ہر سطح پر مردوں کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے— یہاں تک کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف میں بھی عورتوں کے حسن اور جسمانی مضبوطی نے صنف نازک کے الزام کو بہت حد تک ردکردیا ہے۔ یعنی وہ صنف نازک تو ہیں لیکن مردوں سے کسی بھی معنی میں کم یا پیچھے نہیں۔ صدہا برسوں کے مسلسل جبروظلم کے بعد آج اگر عورت کا نیا چہرہ آپ کے سامنے آیا ہے تو یقینا آپ کو کسی غلط فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عورت آپ اور آپ کی حکومت کی بیڑیاں توڑ کر آزاد ہونا چاہتی ہے —اور اب آپ اُسے روک نہیں سکتے۔
سینکڑوں، ہزاروں برسوں کی تاریخ کا مطالعہ کیجئے تو عورت کا بس ایک ہی چہرہ بار بار سامنے آتا ہے۔ حقارت، نفرت اور جسمانی استحصال کے ساتھ مردکبھی بھی اُسے برابری کا درجہ نہیں دے پایا— عورت ایک ایسا ’جانور‘ تھی ،جس کا کام مرد کی جسمانی بھوک کو شانت کرنا تھا اور ہزاروں برسوں کی تاریخ میں یہ ’دیوداسیاں‘ سہمی ہوئی، اپنا استحصال دیکھتے ہوئے خاموش تھیں— کبھی نہ کبھی اس بغاوت کی چنگاری کو تو پیدا ہونا ہی تھا۔ برسوں پہلے جب رقیہ سخاوت حسین نے ایک ایسی ہی کہانی ’مرد‘ پرلکھی تو مجھے بڑا مزہ آیا۔ رقیہ نے عورت پر صدیوں سے ہوتے آئے ظلم کا بدلا یوں لیا کہ مرد کو، عورتوں کی طرح ’کوٹھری‘ میں بند کردیا اور عورت کو کام کرنے دفتر بھیج دیا۔ عورت حاکم تھی اور مرد آدرش کا نمونہ— ایک ایسا مرد‘، جسے عورتیں، اپنے اشاروں پر صرف جسمانی آسودگی کے لئے استعمال میں لاتی تھیں۔ میں رقیہ سخاوت حسین کی اس کہانی کا دلدادہ تھا اور بچپن سے کسی بھی روتی گاتی مجبور وبے بس عورت کو دیکھ پانا میرے لئے بے حد مشکل کام تھا— سچ پوچھئے تو میں عورت کو کبھی بھی دیوداسی، بڑنی، سیکس ورکر، نگر بدھو، گنیکا، کال گرل یا بارڈانسر کے طور پر دیکھنے کا حوصلہ پیدا ہی نہ کرسکا۔ بادشاہوں یا راجاﺅں مہاراجاﺅں کی کہانیوں میں بھی ملکہ یا مہارانی کے ’رول ماڈل‘ کا میں سخت مخالف رہا۔ میں نہ اُسے شہزادی کے طور پر دیکھ سکا، نہ ملکہ عالم یا مہارانی کے طور پر وہ مجھے مطمئن کرسکیں— کیونکہ ہر جگہ وہ مردانہ سامراج کے پنجوں میں پھنسی کمزور اور ابلا نظر آئیں۔خواہ انہو ں نے اپنے سر پر ملکہ کا تاج یا شہزادیوں سے کپڑے پہن رکھے ہوں۔ تاریخ اور مذہب کی ہزاروں برسوں کی تاریخ میں، خدا کی اِس سب سے خوبصورت تخلیق کو میں لاچار، بدحال اور مجبوری کے ’فریم‘ میں قبول نہیں کرسکتا تھا— ایسا نہیں ہے کہ یہ سب لکھ کر میں ان لوگوں کی سخت مخالفت کررہا ہوں، جو عورت کی حمایت میں صفحات در صفحات سیاہ کرتے رہے ہوں۔ ممکن ہے، بلندی پر پہنچی عورت کے لئے وہ اپنی طرف سے بھی ایک لڑائی لڑ رہے ہوں، مگر آج کی زیادہ تر کہانیوں میں یہی عورت مجھے اتنی مجبور وبے بس نظر آتی ہے، جیسے آپ بیچ سڑک پر اُسے ننگا کررہے ہوں— چلئے مان لیا۔ بے حد مہذب، آزاد ہندستان کے کسی گاﺅں، قصبے میں ایک ننگا ناچ ہوتا ہے— اجتماعی عصمت دری یا کوئی بھی ایسا جرم سرزد ہوتا ہے، جس میں ایک کمزور، بے سہارا عورت کا دامن تار تار ہوجاتا ہے۔ میرے کہنے کا مطلب یہی ہے، ایک بار وہ اپنی عصمت دری کا ماتم کرچکی ہے۔ یہ کیسی فنکاری ہے کہ بار بار ایک جھوٹی تخلیق کے لئے آپ اس کو مزید عریاں کرنے پر آمادہ ہیں—شاید زمانہ قدیم سے افسانوں کا یہی سب سے بہتر اور پسندےدہ موضوع رہا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ بہار، اترپردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان یا ہندستان کے قبائلی علاقوں یا گاﺅں میں ایسے حادثے نہ ہوتے ہوں— لیکن بے حد ذائقہ دار انداز میں اُنہیں پیش کرنا بھی عریانیت کی حدود پار کرنا ہے۔ ہماری کہانیاں مادام باواری یا اناّ کارنینا کی سطح پر عورت کو دیکھنے سے ہمیشہ گریز کرتی رہی ہیں .
ایسا کیوں ہے، یہ میری سمجھ میں آج تک نہیں آیا— لولیتا سے دی اسکارلیٹ لیٹر تک، ایسا نہیں ہے کہ عورتوں پر ہونے والے ظلم اور استحصال کے خلاف وہاں نہیں لکھا گیا، مگر مغرب میں ادب سے متعلق زیادہ تر موضوعات کا محور یا مرکز صرف یہ جسمانی استحصال نہیں ہے۔ لیکن ہمارے یہاں اردو ہندی دونوں زبانوں میں محض ایک کمزور اور ظلم سہتی ہوئی عورت کا تصور ہی رہ گیا ہے— کیا آج ایسا ہے—؟ صرف چھوٹے موٹے گاﺅں، قصبوں میں ہونے والے واقعات کو درکنار کیجئے— آپ کہہ سکتے ہیں، بڑے شہروں میں بھی اس طرح کے واقعات عام ہیں— جیسے سیکس اسکنڈلس سے لے کر عورتوں کو زندہ جلائے جانے تک کی داستانیں ابھی بھی مہذب دنیا کا مذاق اُڑانے کے لئے کافی ہیں—
اس حقیقت کو تسلیم کئے جانے کے باوجود مجھے احساس ہے کہ یہ وہ موضوعات ہیں، جنہیں پریم چند سے منٹو تک ہزاروں لاکھوں بار دہرایا جاچکا ہے— اور اس سے بھی بڑا ایک سچ ہے کہ نئے ہزارہ کا سورج طلوع ہونے تک عورت نے اپنی ہر طرح کی بیڑیاں توڑ کر آزاد ہونے کی بھی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ جہاں تک میری بات ہے، نہ میں اُسے غلام دیکھ سکتا ہوں، نہ کمزور— نہ وہ مجھے شاہ بانو کے طور پر قبول ہے اور نہ ہی عمرانہ کے طور پر—
یعنی وہ ہے ایک پُراسرار ترین مخلوق—
رائیڈرزہیگڑز کی ’شی‘ کی طرح— ایک چونکادینے والی حقیقت—‘
’جسم—‘ جسم سے جسم تک— وہ ایک آگ ہے، شرارہ ہے۔ وہ اپنی خوبصورتی اپنے جمال سے آپ کو ’بھسم‘ کردینے کی صلاحیت رکھتی ہے—
تو آپ اپنی کہانیوں میں اس عورت کو کیوں نہیں تلاش کرتے!‘
میرے ساتھ مشکل یہی ہے کہ میں عورت کے لئے ہمدردی کا بوجھ نہیں اُٹھا سکتا۔ میرے سامنے اُسے دیکھنے اور محسوس کرنے کے لئے دوسرے فریم بھی ہیں۔ میں عورت کو صرف مرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا— وہ مجھے فنتاسی کے لئے اتنی مناسب معلوم ہوتی ہے کہ یہ نام آتے ہی کسی دوسری دنیا کی مخلوق یا جنت کے دروازے یا ’پری لوک‘ کا تصورسامنے آجاتا ہے۔ وہ محبت بھی کرتی ہے اور ایسی محبت کہ اُس کی محبت کے آگے نہ صرف سجدہ کرنے کی خواہش ہوتی ہے بلکہ آپ سوبار مرکر سو بار زندہ ہوسکتے ہیں۔ وہ ایک نہ ختم ہونے والا ’اسرار‘ہے۔ اُس کی خوبصورتی آپ الفاظ میں قیدنہیں کرسکتے۔ اُس کاخوبصورت جسم آپ کے سارے تصورات سے زیادہ شیریں اور غیر یقینی حد تک آپ کے الفاظ کو کھوکھلا اور بے معنی بناتا ہے، کیونکہ وشوامتر کی اس مینکا کو آپ الفاظ کے ذریعہ باندھ ہی نہیں سکتے۔ یعنی،عورت ہر بار میرے لئے طلسم ہوشربا کی ایک ایسی ساحرہ بن کر آتی ہے، جسے پلٹ کر دیکھنے والا انسان پتھر کا ہوجاتا ہے۔ ناقابل یقین، حسن کا مجسمہ اور تخلیقی محرکات کے لئے ایک بیش قیمت تحفہ۔
وہ ندی بھی ہے اور نہیں بھی ہے۔ کوئی سونامی لہر، کوئی جوار بھاٹا، کوئی سیلاب شرارہ، سیلاب، جھومتا گاتا آبشار۔ وہ سب کچھ ہے اور نہیں بھی ہے۔ وہ ایک کبھی نہ ختم ہونے والی ’پری کتھا‘ ہے۔ وہ دنیا کی ساری غزلوں، نظموں سے زیادہ خوبصورت اور’پُراسرار بلا‘ ہے۔ جو آج کی ہر تلاش وتحقیق کے ساتھ نئی اور پُراسرار ہوتی چلی جاتی ہے۔
’عورت‘— کائنات میں بکھرے ہوئے تمام اسرار سے زیادہ پُراسرار، خدا کی سب سے حسین تخلیق— یعنی اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ عورت کوجان گیا ہے تو شاید اُس سے زیادہ شیخی بگھارنے والا یا اس صدی میں اتنا بڑا جھوٹا کوئی دوسرا نہیں ہوسکتا۔ صدیاں گزرجانے کے بعد بھی وہ محض بچہ دینے والی ایک گائے بن کر رہ گئی تھیں— مگر شاید صدیوں میں مرد کے اندر دہکنے والا یہ نطفہ شانت ہوا تھا یا عورت کے لئے یہ مرد آہستہ آہستہ بانجھ یا سرد یا محض بچہ پیداکرنے والی مشین کا محض ایک پُرزہ بن کر رہ گیا تھا…. عورت اپنے اس احساس سے آزادہونا چاہتی ہے…… یا اس لئے کہ عورت جیسی پُراسرار مخلوق کو ابھی اور کُریدنے یا اُس پر تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔ہم نے ابھی بھی مہذب دنیا میں اسے صرف پاک ناموں اور رشتوں میں جکڑ رکھا ہے۔
ماں، ماں ہوتی ہے۔ بہن کی ایک پاکیزہ اور مقدس دنیا ہوتی ہے۔ بیوی کی دنیا ایک الگ دنیا ہوتی ہے۔ےہ سب صرف پاکیزہ رشتے اوڑھے ہوتی ہیں، عورت کا جسم نہیں۔ ان رشتوں میں کہیں جسم کا تصور نہیں آتا(ممکن ہے، بیوی کے رشتہ میں آپ اس جسم کو تلاش کرنے کی کوشش کریں لیکن حقیقت یہ ہے کہ عورت سے بیوی بنتے ہی اُس میں شردھا اور تقدس کے پھول بھی کھل اٹھتے ہیں)۔ وہ تصور جو اچانک ’عورت‘ کہتے ہی، آپ کے آگے ایک خواب رنگوں والے اندر دھنش کی خوبصورتی بکھیر دیتی ہے۔ اس لئے عورت کے نام کے ساتھ ان پاکیزہ رشتوں کا تصور نہیں آتا۔ صرف دل کو لبھانے والا جسم، یعنی ایک ایسا جھنجھنا کر بجنے والا جسم، جس کے صرف خیال سے آپ کسی ہوائی گھوڑے پر سوار ہو جاتے ہیں۔ حقیقت میں عورتوں سے متعلق بڑی بڑی باتیں کرنے کے باوجود ہم وہیں ہوتے ہیں___ اپنی تنگ نظری کا دھواں پیتے ہوئے۔
”عورت“—ہزاروں برسوں کے اس سفر میں کہاں کھوگئی ہے عورت؟پہلے بھی کہیں تھی یا نہیں؟ قدیم گرنتھوں میں دروپدی، کُنتی، سیتا، ساوتری، پاروتی،دمینتی، شکنتلا، میتری وغیرہ—عزت سے پکاری جانے والی، الفی کے آخر تک لکس کا عریاں اشتہار کیسے بن گئی؟ یا وہ اشتہار نہیں بنی۔ ’لرل‘ اور ’لکس‘ کے اشتہاروں سے آگے نکل کر اور بھی مورچے سنبھالے ہیں اس نے— کہا جائے تو ایک پڑاﺅ W.W.F.بھی ہے۔ آنے والے وقت میں کہاں کھوگئی یہ عورت؟
’خدائے ستاّر
عصمتوں کو ہزار پردے میںرکھنے والے/
صفات میں تیری عدل بھی ہے/
تو پھر میرے اور میرے محرم کے بیچ
تفریق کا سبب کیا—؟‘
—عشرت آفریں
ادب تحریر کرنے والی عورتوں کے لئے ایسے سوال کوئی نئے نہیں ہیں۔ کہ اے خدا، اگر تو انصاف پسند ہے تو مرد اور عورت کے درمیان اتنا فرق کیوں؟ اسی لئے آج کی عورت جب اڑان کے لئے اپنے پرکھولتی ہے تو کبھی کبھی ’جوناتھن سی گل‘ کی طرح اپنے دائرے کو توڑتی ہوئی آگے بڑھ جاتی ہے۔ ہم اُسے کسی بھی نام سے پکاریں لیکن آخر اسے ایسا کرنے کا حق بھی ہم نے ہی دیا ہے۔
یہ مت بھولئے کہ صدیوں کے ظلم اور مردوں کی غلامی سے نجات کے بعد، اپنی آزادی کا استعمال کرتے ہوئے وہ اپنی ایک نئی دنیا بھی بنا سکتی ہے۔ اس نئی دنیا کو تنگ نظری کی آنکھوں سے مت دیکھئے— وہ اڑنا چاہتی ہے تو اُڑان کے نتیجے میں کچھ ’حادثے‘ بھی ہوسکتے ہیں—مگر یہاں سب سے اہم بات یہی ہے کہ وہ اب اپنی اُڑان کے لئے مکمل طور پر آزاد ہے— میرے لئے یہ کوئی چونکنے والی بات نہیں تھی کہ صدیوں سے استحصال کا بوجھ اٹھاتی عورت اپنے وجود، اپنے جسم اور اپنے حقوق کی لڑائی لڑتے ہوئے کہاں کہاں لہولہان یا شکست کا سامناکرسکتی ہے یا پھر کہاں کہاں وہ مردوں کو شکست دے سکتی ہے۔
عورت: خوف سے مکالمہ اور احتجاج
”اور بالآخر وہ ایک دن
اپنے مذہب کے خلاف چھیڑیں گی جہاد/
جس مذہب نے قید کردیا تھا اُنہیں
ایک بند، گھٹن اور حبس سے بھرے
اندھیرے کمرے میں/
—صمدیزدانی(سندھی شاعر)
عورت نام آتے ہی گھر کی چہاردیواری میں بند یا قید، پردے میں رہنے والی ایک ’خاتون‘ کا چہرہ سامنے آتا ہے۔ اب سے کچھ سال پہلے تک مسلمان عورتوں کا ملا جلا یہی چہرہ ذہن میں محفوظ تھا۔ گھر میں موٹے موٹے پردوں کے درمیان زندگی بسر کر دینے والی یا گھر سے باہر خطرناک برقعوں میں اوپر سے لے کر نیچے تک خود کو چھپائے ہوئے— عرصہ پہلے پارٹیشن پر لکھی ہوئی کسی مشہور ’ہندو افسانہ نگار‘ کے ایک افسانہ میں ایسی ہی ایک برقعہ پوش خاتون کا تذکرہ ملتا ہے—” ہم انہیں دیکھ کر ڈر جایا کرتے تھے۔ کالے کالے برقعہ میں وہ کالی کالی ’چڑیل‘ جیسی لگتی تھیں، تب ہم سڑکوں پر شاپنگ کرتی ان عورتوں سے صرف ڈرنے کا کام لیا کرتے تھے۔“
وقت کے ساتھ کالے کالے برقعوں کے رنگ بدل گئے— لیکن کتنی بدلی مسلمان عورت یا بالکل ہی نہیں بدلی— قاعدے سے دیکھیں، تو اب بھی چھوٹے چھوٹے شہروں کی عورتیں برقعہ تہذیب میں ایک نہ ختم ہونے والی گھٹن کا شکار ہیں۔ لیکن گھٹن میں بغاوت بھی جنم لیتی ہے اور مسلمان عورتوں کی بغاوت کی لمبی داستان رہی ہے۔ ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ ’مذہب کے اصولوں اورقوانےن کو زندگی سے تعبیر کرنے والی‘ صوم وصلوٰة کی پابند عورت نے ایک دن اچانک بغاوت یا جہاد کے لئے بازو پھیلائے اور کھلی آزاد فضا میں سمندری پرندے کی طرح اڑتی چلی گئی۔
’فرہنگ آصفیہ‘ میں بغاوت کا لفظی معنی نافرمانی اور سرکشی کے آیا ہے۔ نافرمانی کی پہلی کہانی دنیا کے پہلے انسان یا پہلے پیغمبر حضرت آدمؑ کی بیوی حضرت حوّا سے شروع ہوجاتی ہے۔ اﷲ نے سب سے پہلے آدم کو پیدا کیا اور پھر آدم کی تنہائی ختم کرنے کے لئے اُن کی پسلی سے حضرت حوّا کو پیدا کیا۔ جنت میں سب کچھ کھانے پینے کی آزادی تھی،لیکن ایک درخت کے بارے میں حکم تھا کہ اس کا پھل کبھی مت چکھنا۔ ’نافرمانی‘ کی پہلی روایت یہیں سے شروع ہو جاتی ہے۔ عورت پیدائش کے وقت سے ہی اپنی تجسس کو دباپانے میں ناکام رہی ہے۔ اس کے اندر سوالوں کی ایک ’دنیا‘ پوشیدہ ہوتی ہے۔ حضرت آدمؑ نے لاکھ سمجھایا۔ لیکن آخر کار حضرت حوّا نے ’گندم‘ توڑ کر کھا ہی لیااور اسی نافرمانی کے نتیجے میں آدمؑ اور حوّا کو جنت سے نکالا گیا اور وہ دنیا میں آگئے۔
تودنیا کے دروازے آدمؑ اور حوّاکے لئے کھل چکے تھے۔ وہ آپس میں مل کر رہنے لگے۔ حضرت حوّا جب پہلی دفعہ حاملہ ہوئیں، تو ایک بیٹے اور ایک بیٹی کی ایک ساتھ پیدائش ہوئی۔ بیٹے کا نام ’قابیل‘ اور بہن کا نام ’اقلیمہ‘ رکھا گیا۔ دوسری دفعہ جب حاملہ ہوئیں، تو ایک بیٹا ’ہابیل‘ اور بہن ’یہودا‘ کی پیدائش ہوئی۔ شریعت کے مطابق ایک پیٹ کی بیٹی کو دوسرے پیٹ کے بیٹے سے رشتہ ¿ ازدواج مےں منسلک کرنا تھا۔ یعنی شریعت کے مطابق ’قابیل‘ کی شادی ’یہودا‘ کے ساتھ اور ’ہابیل‘کی ’اقلیمہ‘ کے ساتھ طے پائی تھی۔
یہ کیسی افسوسناک بات ہے کہ دنیا کے پہلے قتل کی وجہ بھی ایک عورت ہی بنی۔ پہلا قتل ایک عورت کے نام پر ہوا تھا۔ قابیل پہلی لڑکی یعنی اقلیمہ سے پیار کر بیٹھا۔ اس طرح عورت کے نام پر ’ہابیل‘ کو اپنی جان گنوانی پڑی۔
شریعت کا فرمان جاری کرنے والے اور اُس پر عمل کرنے والے مولویوں نے ہر بار مذہب کی حفاظت کی آڑ لے کر عورت کو اپنے پیر کی جوتی بنانے کی کوشش کی ہے۔ مسلسل ظلم، آزادی سے کچھ قبل تک بیوی کی موجودگی میں ’داشتہ‘ رکھنے اور کوٹھوں پر جانے کا رواج، اس بارے میں اپنی مردانگی کی جھوٹی دلیلیں، شہزادوں، نوابوں اور مہاراجاﺅں کے ہزاروں لاکھوں قصوں میں عورت نام کی چڑیا سچ مچ مردوں کی بے محابا خواہشات کی تکمےل کے لئے کھیتی بن گئی تھی— مرد عورت کی ’زمین‘ پر ہل چلاسکتا تھا، رولر چلا سکتا تھا۔ زمین کو چاہے تو ذرخیز اور چاہے تو بنجر بناسکتا تھا— وہ مرد کی ’کھیتی‘ تھی اس لئے اُسے بولنے کا کوئی حق نہیں تھا۔ مرد اُس کاکسی بھی طرح کا استعمال کرسکتا تھا۔
مسلم معاشرے نے عورت کو وہیں اپنایا، جہاں وہ مجبور تھی، جہاں اُسے مارا پیٹا یا سزا دی جاسکتی تھی۔ جہاں مرد عورتوں کو ’حلال‘ کرکے جبراً ان کے مالک بن سکتے تھے___ ایسا نہیں ہے کہ دوسرے معاشروں میں یہ عورت راحت وآرام کی سانس لے رہی تھی۔ یہ عورت ہر جگہ بندشوں میں گھری ہوئی تھی۔مذہب کی بیڑیاں توڑ کر عورت جب چیخی، تو اُس کی چیخ سے آسمان میں بھی سوراخ ہوگیا۔ دیکھا جائے تو عورت ہر جگہ قید میں تھی۔
سےمون دبوار کی آپ بیتی کا ایک واقعہ یاد آرہا ہے۔ قاہرہ کے ایک سیمینار میں بولتے ہوئے سےمون نے مردوں پر عورتوں کے لئے حاکمانہ، زمیندارانہ اور ظالمانہ رویہّ اختیار کرنے کا الزام لگایا۔ وہاں تقریب میں شامل مردوں نے سےمون کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ عورتوں کی نابرابری اُن کے مذہب کا حصہ ہے اور قرآن میں اس کا ذکر ہے اور مذہب کا قانون دنیا کے ہر قانون سے اوپر ہے۔
یہاں میں صرف ایک مثال دینا چاہوں گا۔ صرف یہ دکھانے کے لئے کہ دیگر ملک یا معاشرہ میں بھی شروع سے ہی عورت کی یہی حالت رہی ہے۔ انگریزی ناول ایسی مثالوں سے بھرے پڑے ہیں۔ایم جی لیوس کا مشہور ناول ’دی میک….‘جب1796 میں شائع ہوا، تو ادبی دنیا میں ہلچل مچ گئی۔ دنیا بھر کے عیسائی طبقے میں اس ناول پر نااتفاقی کی فضا پیدا ہوگئی۔ پادریوں نے خاص اعلان کیا کہ یہ ناول نہ خریدا جائے، نہ پڑھا جائے اور نہ گھر میں رکھا جائے۔ ’دی میک‘ میں عورتوں کو ’نن‘ بنانے والی رسم کے خلاف جہاد چھیڑا گیا تھا— مذہبی پادریوں کے، عورتوں کے جسمانی استحصال کے ایسے ایسے قصّے اس کتاب میں درج تھے کہ دنیا بھر میں اس کتاب کی ہولی جلائی گئی— سچ تو یہی ہے کہ ”عورتیں پیدا نہیں ہوتیں بنائی جاتی ہیں۔ وہ ہر بار نئے مردانہ سماج میں نئے نئے طریقے سے ’ایجاد‘ کی جاتی رہی ہےں۔“
کیا یہ بند بند سے معاشرے کا احتجاج تھا، یا مسلم مردانہ سماج سے صدیوں میں جمع ہونے والی بوند بوند نفرت کا نتیجہ۔ یہ مذہب کا کرشمہ تھا یا صدیوں قید میں رہنے والی عورت اور اُس کی گھٹن کا نتیجہ— برسوں سے گھر کی چہاردیواری میں قید عورت کو آخر ایک نہ ایک دن اپنا پنجرا تو توڑنا ہی تھا۔ دیکھا جائے تو یہ بغاوت کے تیورمعاشرے میں کم وبیش جنم لیتے رہے تھے۔ نبیوں کی روایت میں حضرت محمد آخری نبی ہےں ۔ یعنی اُن کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ لیکن بہت بعد میں قرة العین طاہرہ نام کی ایک عورت نے اعلان کیا کہ میں ”نبیہ“ ہوں۔ اﷲ نے یہ کہا ہے کہ مرد پیغمبر نہیں آئیں گے۔ یہ کہاں کہا گیا ہے کہ عورت پیغمبر نہیں آئیں گی۔ قرة العین طاہرہ کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اردو کے مشہور نقاّ د سجاد حیدر یلدرم کو کہنا پڑا —”میں حشر کا قائل نہیں، مگر حشر کا منتظر ضرور ہوں۔ میں قرة العین طاہرہ کے قاتلوں کا حشر دیکھنا چاہتا ہوں۔“
دراصل عورت اب عورت کے گندے ماضی سے لڑرہی تھی— عورت تاریخ پر چابک برسا رہی تھی۔ وہ صدیوں میں سمٹے اُن پہلوﺅں کا جائزہ لے رہی تھی، جب جسمانی طور پر اُسے کمزور ٹھہراتے ہوئے مردانہ سماج میں اُس پر ظلم وستم ایک ضروری مذہبی فریضہ بن چکا تھا۔
یہ بھی دیکھنے کی بات ہے کہ دراصل بغاوت کی بیار زیادہ تر وہیں بہہ رہی تھی، جہاں بندشیں تھیں— دم گھٹنے والا معاشرہ تھا۔ شاید اسی لئے تقسیم کے بعد کے پاکستان میں حکومت کرنے والے علماءاور ملاﺅں کے خلاف عورتوں نے بغیر خوف اپنی آواز بلند کرنا شروع کی۔ کہاں ایک طرف پردہ نشینی کا حکم اور کہاں دوسری طرف دھکا دھک سگریٹ پیتی ہوئی، الفاظ سے تلوار کا کم لیتی ہوئیعورتےں—
دراصل نئے اسلامی معاشرے میں نوکرشاہی اور سیاست کا جو گھناﺅنا کھیل شروع ہوا تھا، وہاں مردصرف اور صرف ظالم حاکم تھا۔ عورت نئی اسلامی جمہوریت میں، مذہب کا سہارا لے کر پیر کی جوتی بنادی گئی تھی، درد بھرے انجام کو پہنچی عورتوں کی اسی کہانی پر تہمینہ درّانی نے اپنی آپ بیتی لکھنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی سیاست کے اہم ستون مصطفےٰ کھر نے سیاست اور مذہب کے درمیان ہم آہنگی قائم کرتے ہوئے اپنی بیویوں کے ساتھ ایسے ظلم کئے کہ آج کے مہذب سماج کے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ تہمینہ کی آپ بیتی ’میرے آقا‘ نے پاکستان کے سیاسی ادبی حلقے میں ہنگامہ کھڑا کردیا۔ یہ عورت کے ظلم وستم کی داستاں تو تھی ہی۔ لیکن عورت اب بھی اپنے وجود کے لئے مرد کو نیچا دکھانے پر اتر آئی تھی۔
بقول سلوِیا باتھ—
’میں تو شبدوں کی پہیلی ہوں۔
ایک ہاتھ/
ایک طلسمی گھر/
ایک تربوز/
جو لڑھک رہا ہو/
ایک سرخ پھل ہاتھی دانت، صندل کی لکڑی /
وہ ریزگاری
جو ابھی ابھی تازہ، ٹکسال سے نکلی ہو،
میں ایک رشتہ ہوں
اسٹیج ہوں، گائے کا بچھڑا ہوں
میں نے سنہرے سیبوں کا بھرا تھیلا کھایا ہے
اور اب میں
اُس ٹرین میں سوار ہوں/ جو کہیں رک نہیں سکتی
اردو لسانیات
زبان اصل میں انسان کے تعینات یا اداروں میں سے ہے۔ وہ ان کی معمول ہے جن کی کار بر...